اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے کا کیس، عدالت نے ملزم کو تفتیش میں شامل ہونے کا حکم دے دیا

لاہور کی سیشن عدالت نے اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے مقدمے میں ملزم ثاقب چدھڑ کو تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہو کر شاملِ تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔عدالت نے سماعت کے دوران ملزم کی عبوری ضمانت میں 13 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ قانون کے مطابق تفتیشی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرے اور فوری طور پر متعلقہ تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہو۔سیشن عدالت نے پراسیکیوشن کو بھی آئندہ سماعت پر مقدمے کا تمام دستاویزی اور ڈیجیٹل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا تاکہ کیس کی کارروائی کو آگے بڑھایا جا سکے۔
یاد رہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے اداکارہ مومنہ اقبال کی شکایت پر ملزم ثاقب چدھڑ کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ اداکارہ کا مؤقف ہے کہ ملزم انہیں مسلسل ہراساں کر کے ذہنی اذیت پہنچا رہا ہے۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 13 جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔