آزاد کشمیر میں ن لیگ کو بڑا دھچکا، سابق ایم ایل اے راجا عبدالقیوم خان کا آئی پی پی میں شامل ہونے کا فیصلہ

آزاد کشمیر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو بڑا سیاسی دھچکا اس وقت لگا جب پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق ممبر اسمبلی راجا عبدالقیوم خان نے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق راجا عبدالقیوم خان کو آئندہ انتخابات کے لیے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پر انہوں نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ اطلاعات ہیں کہ وہ آج اپنے ساتھیوں سمیت باقاعدہ طور پر استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ راجا عبدالقیوم خان آئندہ عام انتخابات میں حلقہ کھاوڑہ سے آئی پی پی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑیں گے۔ یاد رہے کہ انہوں نے 2021 کے انتخابات میں اسی حلقے سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی تھی۔پارٹی قیادت کی جانب سے ثاقب مجید راجا کو ٹکٹ جاری کیے جانے کے بعد راجا عبدالقیوم خان نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے ن لیگ سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے آئی پی پی میں شمولیت کا حتمی فیصلہ کر لیا۔