پاکستان کا ایتھوپیا اور افریقہ کے انفلوئنسرز کے لیے مفت سیاحتی پیکجز کا اعلان

پاکستان نے ایتھوپیا اور افریقہ کے انفلوئنسرز کے لیے مفت سیاحتی پیکجز فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنا اور سیاحت کو فروغ دینا ہے۔وزیراعظم کے مشیر و معاون خصوصی برائے سیاحت سردار یاسر الیاس نے کہا کہ پاکستانی کانٹینٹ کریئیٹرز جلد ایتھوپیا کا دورہ کریں گے، جبکہ ایتھوپیا اور افریقہ کے انفلوئنسرز کو پاکستان کے مفت سیاحتی پیکجز فراہم کیے جائیں گے، جن کے تمام اخراجات پاکستان حکومت برداشت کرے گی۔اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفارت خانے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار یاسر الیاس نے کہا کہ حکومت دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر کرنے کے لیے کوشاں ہے، جبکہ پنجاب حکومت بھی سیاحت کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایتھوپین ایئر لائنز نے پاکستان اور افریقہ کے درمیان فضائی رابطوں کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق آئندہ ماہ بین المذاہب ہم آہنگی پر ایک بڑی تقریب بھی منعقد کی جائے گی، جبکہ سیاحت کے ذریعے تجارت کے فروغ پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔