لاہور میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق، صدر اور وزیراعظم کا اظہارِ افسوس

لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچوں کے جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعے پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔حادثے کے وقت ٹیوشن سینٹر میں 30 سے زائد بچے موجود تھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق عمارت کی بالائی منزل پر تعمیراتی کام جاری تھا، جس کے دوران چھت گرنے کا یہ المناک واقعہ پیش آیا۔ واقعے کے بعد گھر کے مالک دو بھائیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے جاں بحق ہونے والے بچوں کے لیے بلندیٔ درجات، اہل خانہ کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی، جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو واقعے کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔