ملک بھر میں جولائی کے پہلے ہفتے مون سون بارشوں کی پیشگوئی، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں جولائی کے پہلے ہفتے کے دوران مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے، جس کے مطابق یکم سے 6 جولائی تک مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 30 جون کی شام یا رات سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہو سکتا ہے، جبکہ بحیرۂ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں مشرقی اور وسطی علاقوں کو متاثر کریں گی۔ 2 جولائی سے خلیج بنگال کی نم آلود ہوائیں بھی بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے۔پیشگوئی کے مطابق پنجاب اور کشمیر میں یکم سے 6 جولائی، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں یکم سے 5 جولائی جبکہ بلوچستان کے شمالی اور شمال مشرقی اضلاع میں یکم سے 4 جولائی کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔سندھ کے سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ اور قریبی علاقوں میں 3 اور 4 جولائی کو بارشوں کا امکان ہے، تاہم کراچی میں فی الحال بارش کی پیشگوئی نہیں کی گئی۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آباد کے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔اسی طرح 2 سے 6 جولائی کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بھی موجود ہے۔حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آندھی اور بارش کے دوران کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز سے دور رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔