کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) نے سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی جانب سے گیس پائپ لائنوں کی تنصیب اور اپ گریڈیشن کے بعد سڑکوں کی بروقت بحالی نہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
چیئرمین بزنس مین گروپ زبیر موتی والا اور کے سی سی آئی کے صدر محمد ریحان حنیف نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو خط لکھ کر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور متاثرہ سڑکوں کی فوری مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کراچی میں گیس انفراسٹرکچر کی بہتری خوش آئند ہے، تاہم ناقص منصوبہ بندی اور کھدائی کے بعد سڑکوں کی بحالی میں غیرضروری تاخیر شہریوں اور کاروباری طبقے کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کے باعث ٹریفک جام، سفری وقت اور ٹرانسپورٹ اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کے ساتھ شہریوں کی حفاظت بھی خطرے میں پڑ گئی ہے۔ اس صورتحال سے تجارتی و صنعتی سرگرمیاں، سامان کی ترسیل اور کاروباری امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، جس کے منفی اثرات معیشت پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔