اڈیالہ جیل کے 14 حوالاتیوں کے فرار کے مقدمے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ حکام نے واقعے کے وقت ڈیوٹی پر موجود جیل گارڈ کے انچارج سمیت 5 اہلکاروں کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق زیرِ حراست اہلکاروں کے موبائل فونز کا ڈیٹا اور کال ریکارڈ کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ فرار ہونے والے حوالاتیوں کی کہوٹہ کچہری میں ملاقاتوں اور ہتھکڑیوں سے متعلق معاملات کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔اس کے علاوہ قیدی وین پر تعینات اہلکاروں، سرکاری اسلحے کے استعمال اور سیکیورٹی انتظامات کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔تحقیقات میں یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ خطرناک حوالاتیوں کو عدالت منتقل کرنے کے لیے مقررہ ایس او پیز پر عمل کیا گیا تھا یا نہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ شام 14 حوالاتی کہوٹہ عدالت میں پیشی کے بعد سہالہ کے قریب قیدی وین سے فرار ہو گئے تھے۔