امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس کے مطابق امریکا اور ایران نے ایک دوسرے پر عسکری حملے روکنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ ایک سینئر امریکی عہدیدار نے بتایا کہ دونوں ممالک آبنائے ہرمز سے متعلق تنازع کے حل کے لیے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں تکنیکی سطح کے مذاکرات کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق جنگ بندی کو صرف 11 دن ہوئے ہیں، تاہم مختلف تشریحات کے باعث صورت حال دوبارہ کشیدہ ہو گئی تھی اور دونوں جانب سے حملے بھی کیے گئے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی جنگ دوبارہ شروع کرنے کی دھمکی دی تھی۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال دونوں ممالک تمام عسکری کارروائیاں روک دیں گے، بحری جہازوں کی آزادانہ آمدورفت جاری رہے گی، جبکہ تنازع کے حل کے لیے مذاکرات کا سلسلہ بھی برقرار رکھا جائے گا۔