ملک میں جعلی اور غیر معیاری ادویات کے خاتمے کے لیے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے رواں سال سے فارما ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ڈریپ ذرائع کے مطابق اس نظام کے تحت ادویات کے پیکٹس پر بارکوڈ سسٹم کے نفاذ کے لیے 9 اکتوبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔ اس حوالے سے ملک بھر کی فارماسیوٹیکل کمپنیوں کو بارکوڈ اور سیریلائزیشن سے متعلق باقاعدہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق یہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم انسانی اور ویٹرنری ادویات تیار کرنے والی تمام کمپنیوں پر لاگو ہوگا، جبکہ اس کے نفاذ کی ذمہ داری ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کو سونپی گئی ہے۔نئے نظام کے تحت ادویات تیار کرنے والی کمپنیوں اور درآمد کنندگان کے لیے دوا کے ہر پیکٹ پر ٹو ڈی بارکوڈ اور سیریلائزیشن ڈیٹا درج کرنا لازمی ہوگا، جس سے ادویات کی تیاری سے صارف تک مکمل نگرانی ممکن ہو سکے گی اور جعلی ادویات کی روک تھام میں مدد ملے گی۔