مسجد نبوی ﷺ میں زائرین اور نمازیوں کی سہولت کے لیے جدید کولنگ سسٹم فعال کر دیا گیا ہے، جو چوبیس گھنٹے مسلسل مکمل صلاحیت کے ساتھ کام کر رہا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق اس جدید کولنگ سسٹم کی مجموعی صلاحیت 19 ہزار 300 ریفریجریشن ٹن سے زائد ہے، جسے دنیا کے جدید ترین کولنگ نظاموں میں شمار کیا جاتا ہے۔حرمین شریفین جنرل اتھارٹی کے مطابق یہ کولنگ سسٹم 98 ہزار 700 مربع میٹر کے وسیع رقبے پر محیط ہے، جو مسجد نبوی ﷺ کے اندرونی حصوں اور ستونوں کے نیچے نصب خصوصی نظام کے ذریعے ٹھنڈک فراہم کرتا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ اس پورے نیٹ ورک کی چوبیس گھنٹے نگرانی اور باقاعدہ دیکھ بھال کی جاتی ہے تاکہ نظام مؤثر انداز میں کام کرتا رہے۔اتھارٹی کے مطابق اس جدید کولنگ سسٹم کی تنصیب کا مقصد مسجد نبوی ﷺ آنے والے زائرین اور نمازیوں کو ہر وقت آرام دہ، معتدل اور پُرسکون ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مکمل یکسوئی اور اطمینان کے ساتھ عبادت ادا کر سکیں۔