پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پیش گوئی کی ہے کہ وفاقی حکومت آئندہ بجٹ پیش نہیں کر سکے گی، جبکہ عمران خان کی رہائی پر بھرپور جشن منانے کا اعلان بھی کیا ہے۔صوبائی اسمبلی میں بجٹ کی منظوری کے بعد اظہارِ خیال کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں انسانی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اور آئندہ سال صوبے کا تھرو فارورڈ کم سے کم سطح پر آ جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ رواں سال تعلیم اور صحت کے شعبوں میں نمایاں بہتری نظر آئے گی۔وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ 60 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے بی آر ٹی میں مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ’’بزرگ کارڈ‘‘ متعارف کرایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کمراٹ مین روڈ کو رواں سال مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی، جبکہ پشاور اور ہزارہ ڈویژن کے لیے 200، 200 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے تمام اضلاع کو بلا تفریق ان کا حق دیا گیا ہے اور جولائی سے وہ خود تمام ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کریں گے۔سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ بجٹ کی منظوری کی خوشی ہو یا نہ ہو، عمران خان کی رہائی پر ضرور جشن منایا جائے گا۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے رہنے پر تمام اراکین کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اگر عدلیہ انصاف فراہم کرے تو وہ آج ہی رہا ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام مسائل کو پرامن طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم بعض معاملات میں سیاسی قیادت سے ملاقاتوں میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں