اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان نے عراق جانے والے پاکستانی زائرین کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔ وزارت کے مطابق عراقی حکومت نے زیارت ویزا کے غلط استعمال اور غیر قانونی قیام کی روک تھام کے لیے سخت قانونی اقدامات نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزارت نے تمام زائرین اور زیارتی گروپ آرگنائزرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ عراقی ویزا قوانین اور ضوابط پر مکمل طور پر عمل کریں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ زیارت ویزا صرف مذہبی مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے اور ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد مقررہ وقت پر عراق سے واپسی یقینی بنائی جائے۔وزارت نے خبردار کیا ہے کہ عراقی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے، جس میں جرمانے، ملک بدری اور مستقبل میں ویزا پابندیاں بھی شامل ہو سکتی ہیں۔