سرگودھا: منتہا زہرہ زیادتی و قتل کیس کا مرکزی ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

Sargodha میں 8 سالہ بچی منتہا زہرہ کے ساتھ زیادتی اور قتل کے مقدمے کے مرکزی ملزم ارسلان کو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا گیا۔
سی سی ڈی (کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ) حکام کے مطابق ملزم ارسلان کو شواہد کی برآمدگی کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ جھال چکیاں تین پلی کے قریب اس کے ساتھیوں نے سی سی ڈی ٹیم پر اچانک فائرنگ کر دی۔ حکام کے مطابق جوابی کارروائی کے دوران مرکزی ملزم ارسلان موقع پر ہلاک ہو گیا۔واقعے کے بعد پولیس کی اضافی نفری طلب کر لی گئی، جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر مختلف علاقوں میں روانہ کر دی گئی ہیں۔یاد رہے کہ ملزم ارسلان نے دورانِ تفتیش مبینہ طور پر اعتراف کیا تھا کہ اس نے کم سن بچی منتہا زہرہ کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا تھا۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد عوامی سطح پر شدید غم و غصہ پایا جا رہا تھا اور ملزم کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔