کالعدم تنظیموں کے اہم سہولت کار ساجد احمد کو 14 سال قید کی سزا

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے کالعدم تنظیموں بی ایل اے اور بی ایل ایف کے اہم سہولت کار ساجد احمد کو جرم ثابت ہونے پر 14 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔عدالت نے بلوچستان آرمز ایکٹ کے تحت مجرم کو مزید 7 سال قید کی سزا بھی سنائی ہے۔سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے ساجد احمد کو بلوچستان کے علاقے پنجگور سے گرفتار کیا تھا، جہاں سے اسلحہ اور بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا تھا۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم نوجوان طلبہ کو ورغلانے، انہیں اکسانے اور کالعدم تنظیموں میں بھرتی کرنے میں ملوث رہا ہے۔
مزید تفتیش میں اس کے مبینہ طور پر بھارتی سرپرستی میں چلنے والے نیٹ ورکس سے روابط بھی سامنے آئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اسے پاکستان میں خودکش حملے کے لیے گاڑی تیار کرنے کا ٹاسک بھی دیا گیا تھا۔عدالت کے اس فیصلے کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف قانون کی عملداری کو تقویت ملی ہے بلکہ کالعدم تنظیموں کے مبینہ روابط اور سرگرمیوں کے حوالے سے بھی نئی بحث نے جنم لیا ہے۔