ن لیگی رکن اسمبلی کا پانچ ہزار کے نوٹ پر نواز شریف کی تصویر شامل کرنے کا مطالبہ

مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ارشد ملک نے پانچ ہزار روپے مالیت کے کرنسی نوٹ پر سابق وزیراعظم اور پارٹی قائد نواز شریف کی تصویر شامل کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران ارشد ملک اپنی نشست پر کھڑے ہوئے اور پانچ ہزار روپے کا نوٹ دکھاتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی تصویر کے ساتھ نواز شریف کی تصویر بھی اس نوٹ پر ہونی چاہیے۔انہوں نے اپنے مطالبے کے حق میں مؤقف اختیار کیا کہ نواز شریف نے ملک کی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہیں، اس لیے انہیں بھی قومی سطح پر اس انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا جانا چاہیے
واضح رہے کہ قیام پاکستان کے بعد سے پاکستانی کرنسی کے مختلف مالیت کے نوٹوں پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی تصویر ہی شائع کی جاتی رہی ہے۔ البتہ پاکستان کے 75ویں یومِ آزادی کے موقع پر جاری کیے گئے خصوصی یادگاری نوٹ پر قائداعظم کے ساتھ تحریک پاکستان کے دیگر اہم رہنماؤں کی تصاویر بھی شامل کی گئی تھیں۔ارشد ملک کے اس مطالبے پر اسمبلی اور سیاسی حلقوں میں مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں، جبکہ اس حوالے سے کوئی سرکاری فیصلہ یا اعلان نہیں کیا گیا۔