خیبر پختونخوا حکومت نے ریٹائرڈ اور فوت شدہ سرکاری ملازمین کے بچوں کے لیے مختص ملازمت کوٹے کے حوالے سے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ صوبائی حکومت نے سپریم کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت کے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔جاری کردہ مراسلے کے مطابق 26 ستمبر 2024 کے بعد ریٹائر ہونے یا انتقال کر جانے والے سرکاری ملازمین کے بچوں کو کوٹے کے تحت نئی سرکاری ملازمت نہیں دی جائے گی۔حکومت نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ 26 ستمبر 2024 سے پہلے کے زیر التوا کوٹہ کیسز کو قانون اور عدالتی فیصلوں کے مطابق نمٹایا جائے۔ ہر کیس کا فیصلہ اس کے حقائق، قانونی حیثیت اور میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ انتظامی محکمے ہر درخواست کا الگ الگ جائزہ لیں اور عدالتی احکامات کی روشنی میں فیصلہ کریں۔محکمہ ہیومن ریسورس خیبر پختونخوا نے تمام سرکاری محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی ہے، جبکہ متوفی ملازمین کے بچوں کے کوٹے سے متعلق مشکوک یا پیچیدہ کیسز محکمہ قانون کو بھجوائے جائیں گے۔