سی ٹی ڈی کا بڑا آپریشن، اٹک میں 5 خطرناک دہشت گرد ہلاک، پنجاب میں بڑے حملے ناکام

۔محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کو بڑی تباہی سے بچاتے ہوئے اٹک کے سرحدی علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ گرفتاری کے لیے چھاپہ مارنے کے دوران دہشت گردوں نے اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے جواب میں سی ٹی ڈی نے بھرپور کارروائی کیشدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد موقع پر ہی مارے گئے۔ ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد پنجاب کے مختلف شہروں اور اہم تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے، تاہم بروقت کارروائی کے ذریعے ان کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے گئے۔دہشت گردوں کے قبضے سے ایک خودکش جیکٹ، دستی بم، ایس ایم جیز، بڑی تعداد میں گولیاں اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔واقعے کے بعد اٹک اور گردونواح کے علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ مزید دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی تلاش تیز کر دی گئی ہے۔