مکران ساحلی پٹی پر خام تیل پھیل گیا، سمندری حیات اور ماہی گیروں کے روزگار کو خطرہ

گوادر: مکران کی ساحلی پٹی پر خام تیل نما سیاہ اور چپچپا مواد پھیلنے کے بعد ماہرینِ ماحولیات اور مقامی ماہی گیروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ گوادر کے مغربی ساحل پر کئی کلومیٹر تک پھیلے اس مواد کو ابتدائی جائزے کے مطابق پٹرولیم کا خام مال قرار دیا گیا ہے۔سمندری ماہرین کے مطابق خدشہ ہے کہ گہرے سمندر میں خام تیل سے بھرا کوئی بڑا آبی جہاز یا آئل ٹینکر حادثے کا شکار ہوا ہے، جس کے نتیجے میں تیل سمندر میں پھیل گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرموز اور خلیجی خطے میں موجود کشیدہ حالات کے تناظر میں کسی بحری حادثے کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ خام تیل کی یہ آلودگی سمندری ماحول کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔ تیل کی تہہ پانی میں آکسیجن کی مقدار کم کر سکتی ہے، جس سے مچھلیاں، مرجانی چٹانیں اور دیگر آبی حیات متاثر ہو سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ ماہی گیری کے شعبے اور مقامی معیشت کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔