زہریلی بریانی کھانے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی حالت تشویش ناک

کوکیاں والا: مقامی ہوٹل کی بریانی میں مردہ چھپکلی نکل آنے کے باعث ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی طبیعت بگڑ گئی، جنہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق متاثرہ خاندان نے مقامی ہوٹل سے بریانی خرید کر کھائی تھی، جس کے بعد ان کی حالت غیر ہو گئی۔ بعد ازاں معلوم ہوا کہ بریانی میں مردہ چھپکلی موجود تھی، جس کے باعث کھانا زہریلا ہو گیا تھا۔متاثرہ افراد کو فوری طور پر جنرل اسپتال غلام محمد آباد منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کے معدے واش کیے۔ حالت مزید خراب ہونے پر پانچوں افراد کو الائیڈ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔متاثرین میں 35 سالہ بلال، اس کی اہلیہ ثمینہ، 8 سالہ فیضان، 6 سالہ دعا اور 4 سالہ مریم شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق 8 سالہ فیضان کی حالت تاحال تشویش ناک ہے، جبکہ مریم اور دعا بھی شدید متاثر ہوئی ہیں۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ہوٹل انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔