عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے آئندہ مالی سال 2026-27 کے لیے صوبائی ٹیکس وصولیوں کے ہدف میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے 1947 ارب روپے مقرر کر دیا ہے۔دستاویزات کے مطابق پاکستان میں مالیاتی اصلاحات کے عمل کو مضبوط بنانے اور صوبوں کا کردار بڑھانے کے لیے آئی ایم ایف نے صوبائی ریونیو اتھارٹیز کو رواں مالی سال کے مقابلے میں 64 فیصد زیادہ ٹیکس جمع کرنے کا ہدف دیا ہے۔ رواں مالی سال میں صوبائی ٹیکس وصولیوں کا تخمینہ 1190 ارب روپے تھا، جبکہ اگلے مالی سال میں صوبوں کو مزید 757 ارب روپے اضافی محصولات جمع کرنا ہوں گے۔آئی ایم ایف پروگرام کے تحت جولائی سے ستمبر 2026 تک پہلی سہ ماہی کے لیے 389 ارب روپے محصولات کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اکتوبر سے دسمبر 2026 تک دوسری سہ ماہی میں یہ ہدف بڑھ کر 798 ارب روپے تک پہنچ جائے گا۔اسی طرح جنوری سے مارچ 2027 تک تیسری سہ ماہی کے اختتام پر صوبائی ریونیو اتھارٹیز کو مجموعی طور پر 1285 ارب روپے ٹیکس جمع کرنا ہوں گے۔ یہ اہداف پاکستان کے مالیاتی نظم و ضبط اور محصولات میں اضافے کی حکمت عملی کا اہم حصہ قرار دیے جا رہے ہیں۔