سیف سٹی کی بروقت کارروائی، 16 سالہ لڑکی کو ہراساں اور بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار

پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم کی مدد سے ایک 16 سالہ لڑکی کو ہراساں اور بلیک میل کرنے والے ملزم کو فوری طور پر گرفتار کر لیا۔
متاثرہ لڑکی نے سیف سٹی کی نیکسٹ جنریشن سیفٹی ایپ کے اینونیمس چیٹ فیچر کے ذریعے شکایت درج کروائی کہ ایک نوجوان اسے مسلسل ہراساں کر رہا ہے اور اس کی بات نہ ماننے کی صورت میں تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ لڑکی نے بتایا کہ اس صورتحال کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہے اور خودکشی جیسے خیالات کا سامنا کر رہی ہے۔شکایت موصول ہونے پر سیف سٹی کے عملے نے جدید کیمروں اور ڈیجیٹل نگرانی کے نظام کے ذریعے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کا سراغ لگایا اور اسے گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق شہریوں، خصوصاً خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال جاری رکھا جائے گا۔