وفاقی بجٹ سے متعلق مشاورت کے لیے حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کی مشترکہ تکنیکی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جو نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت کام کرے گی۔
ذرائع کے مطابق تکنیکی کمیٹی اپنی سفارشات وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کو پیش کرے گی۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بھی مشاورت کے لیے کمیٹی کے اجلاسوں میں شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی پیپلز پارٹی کے ساتھ بجٹ سے متعلق تمام تصفیہ طلب امور پر بات چیت کرے گی۔ کمیٹی میں احسن اقبال، رانا ثنا اللہ، اعظم نذیر تارڑ اور بلال اظہر کیانی معاونت فراہم کریں گے۔پیپلز پارٹی کی جانب سے مراد علی شاہ، شیری رحمان، نوید قمر، سلیم مانڈوی والا اور جام خان شورو مشاورت کا حصہ ہوں گے۔ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار مالیاتی امور کے حوالے سے وزارت خزانہ کے متعلقہ حکام اور مختلف شعبہ جات کے ڈائریکٹر جنرلز کو بھی طلب کر سکیں گے۔دوسری جانب، گلگت بلتستان میں حالیہ انتخابات کے بعد حکومت سازی کے لیے سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اتحادی حکومت بننے کا قوی امکان ہے۔انتخابات میں پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کیں، جبکہ وفاق اور صوبوں میں رائج اتحاد کے فارمولے کو گلگت بلتستان میں بھی نافذ کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ مجوزہ فارمولے کے مطابق وزیراعلیٰ پیپلز پارٹی کا ہوگا جبکہ گورنر مسلم لیگ (ن) سے لیا جائے گا، جبکہ وزارتوں کی تقسیم 60 اور 40 فیصد تناسب کے تحت کی جائے گی۔