وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا Sohail Afridi نے گلگت بلتستان انتخابات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مینڈیٹ میں مداخلت ناقابل قبول ہے اور عوامی رائے کے احترام کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ 8 فروری 2024 کے انتخابات میں عوام نے بانی پی ٹی آئی پر اعتماد کا اظہار کیا تھا۔ نتائج تبدیل کرنے سے نظریات تبدیل نہیں ہوتے اور طاقت کے استعمال سے عوامی فیصلے نہیں بدلے جا سکتے۔سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور جماعت کو سیاسی طور پر ختم کرنے کی کوششیں ناکام رہی ہیں، جبکہ گلگت بلتستان کے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے اپنا مؤقف واضح کر دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مینڈیٹ کا احترام ہی سیاسی استحکام کی ضمانت ہے، جبکہ جمہوری عمل کی شفافیت پر اٹھنے والے سوالات تشویشناک ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی عوام کے اہم مسائل ہیں جن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ ریاستی اداروں کو عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان کے مفاد میں پالیسیوں پر نظرثانی کی ضرورت ہے اور فیصلہ سازوں کو ملکی استحکام اور عوامی توقعات کو مدنظر رکھنا چاہیے۔انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو اس وقت سیاسی کشیدگی نہیں بلکہ قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔ عوامی رائے کو دبانے کے بجائے اسے تسلیم کیا جانا چاہیے کیونکہ عوام کے فیصلوں کا احترام ہی جمہوریت کا بنیادی اصول ہے