فلپائن کے جنوبی جزیرے منڈاناؤ میں 7.8 شدت کا طاقتور زلزلہ آنے کے بعد سونامی وارننگ جاری کر دی گئی ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 7:37 بجے آیا، جس کا مرکز سمندر میں منڈاناؤ کے قریب واقع تھا۔ زلزلے کے باعث متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔فلپائنی حکام نے ساحلی علاقوں کے رہائشیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات اور بلند علاقوں میں منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔ سونامی وارننگ مراکز کے مطابق بعض ساحلی علاقوں میں ایک سے تین میٹر تک بلند لہریں اٹھنے کا خدشہ ہے۔زلزلے کے بعد انڈونیشیا اور ملائیشیا کے بعض ساحلی علاقوں کے لیے بھی سونامی الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم حکام کی جانب سے نقصانات کا مکمل تخمینہ لگانے کا عمل جاری ہے۔