گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔ 24 میں سے 19 نشستوں کے سرکاری نتائج جاری کر دیے گئے ہیں، جن کے مطابق پیپلز پارٹی نے 9 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔سرکاری نتائج کے مطابق وفاق میں حکمران مسلم لیگ (ن) تین نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی، جبکہ 6 نشستوں پر آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ ایک نشست پر مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے امیدوار نے میدان مار لیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق مختلف حلقوں میں کامیاب امیدواروں کے نام بھی سامنے آ گئے ہیں۔ جی بی 1 گلگت ون میں پیپلز پارٹی کے امجد ایڈووکیٹ 10,594 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے شفیق الدین 6,316 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔جی بی 4 نگر ون میں پیپلز پارٹی کے محمد علی اختر 7,654 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ اسلامی تحریک کے محمد ایوب وزیری 6,597 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔جی بی 6 ہنزہ میں آزاد امیدوار نیک نام کریم 6,390 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پیپلز پارٹی کے کرنل (ر) امتیاز الحق 5,417 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔جی بی 7 اسکردو ون میں پیپلز پارٹی کے توقیر مہدی شاہ 4,320 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ آئی پی پی کے راجا جلاس 3,891 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔جی بی 8 اسکردو ٹو میں مجلس وحدت المسلمین کے کاظم میثم 10,658 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوئے جبکہ پیپلز پارٹی کے سید محمد علی شاہ 10,065 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔جی بی 11 کھرمنگ میں پیپلز پارٹی کے اقبال حسین 5,944 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے سید محسن رضوی 4,589 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔جی بی 20 غذر ٹو میں مسلم لیگ (ن) کے عبدالجہان 6,917 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ پیپلز پارٹی کے نذیر احمد 6,758 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔جی بی 23 گانچھے ٹو میں آزاد امیدوار انور علی 12,117 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ آزاد امیدوار حاجی عبدالحمید 4,197 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ابتدائی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی گلگت بلتستان اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، جبکہ باقی نشستوں کے نتائج کا انتظار کیا جا رہا ہے۔