پشاور ہائیکورٹ نے گریڈ 17 سے اوپر ملازمین کی مفت بجلی ختم کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا

پشاور ہائیکورٹ نے گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے ملازمین کی مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے سے متعلق حکومتی نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے وفاقی حکومت کے فیصلے پر عملدرآمد روک دیا ہے۔

عدالت نے ٹرائبل ایریا الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ملازمین کی جانب سے دائر درخواست پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ حکم نامے کے مطابق وفاقی حکومت کے 5 دسمبر 2023 اور 6 مئی 2026 کے نوٹیفکیشنز پر فوری طور پر عملدرآمد روک دیا گیا ہے۔عدالت نے تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 18 جون تک ملتوی کر دی ہے۔سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مفت بجلی کی سہولت ملازمین کے سروس اسٹرکچر اور ملازمت کے بنیادی معاہدے کا حصہ ہے، اس لیے حکومت اسے یکطرفہ طور پر ختم نہیں کر سکتی۔وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یہ اقدام آئین پاکستان کے آرٹیکل 4، 18، 24 اور 25 کے منافی ہے۔ ان کے مطابق گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے ملازمین کی مفت بجلی کی سہولت سابقہ نگراں حکومت نے ختم کی تھی، حالانکہ نگراں حکومت کے پاس ایسے اہم پالیسی فیصلے کرنے کا اختیار نہیں تھا۔درخواست گزار کے وکیل نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ ٹیسکو ایک خودمختار کارپوریٹ ادارہ ہے، لہٰذا حکومتی نوٹیفکیشن کمپنی کے داخلی قواعد و ضوابط اور طریقہ کار سے مطابقت نہیں رکھتا۔