وفاقی ترقیاتی بجٹ میں 100 ارب روپے کی کٹوتی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) – وفاقی حکومت نے ملکی مالیاتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی ترقیاتی بجٹ میں 100 ارب روپے کی بڑی کٹوتی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اس کٹوتی کی باضابطہ تصدیق کی اور بتایا کہ محکمہ خزانہ کی جانب سے پی ایس ڈی پی میں 100 ارب روپے کی کٹوتی کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ایس ڈی پی میں شامل تمام ترقیاتی منصوبوں کے بجٹ سے 10 فیصد کمی کی جائے گی، جس کے نتیجے میں مجموعی حجم ایک ہزار ارب روپے سے کم ہو کر 900 ارب روپے رہ گیا ہے۔

وفاقی حکومت نے یہ قدم احتیاطی اقدامات اور مالی استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا ہے۔ یاد رہے کہ حکومت نے عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ نہ کر کے عوام کو ریلیف دینے کے لیے 72 ارب روپے کی سبسڈی پہلے ہی فراہم کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے حال ہی میں اپنے خطاب میں واضح کیا تھا کہ عوام پر پیٹرولیم مصنوعات کا بوجھ ڈالنے کے بجائے ترقیاتی بجٹ میں کمی کی جائے گی، اور حکومت اسی حکمت عملی کے تحت مالیاتی نظم و ضبط قائم رکھے ہوئے ہے۔