سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اے این ایف کا اہم اجلاس ہوا جس میں انہوں نے کل (بدھ) سے منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور آپریشن کے احکامات جاری کیے۔ آپریشن کے لیے سندھ بھر سے نارکوٹکس کنٹرول ونگ کی نفری طلب کی جائے گی۔ شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف مرحلہ وار آپریشن ہوگا۔ اس کا آغاز کل سے کراچی اور حیدرآباد سے ہوگا جس کے بعد دیگر اضلاع تک اس کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ منشیات کا خاتمہ ہر صورت میں یقینی بنانا ہوگا اور اپنی آئندہ نسلوں کو بچانے اور منشیات سے پاک معاشرے کیلیے کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہمارا ہدف کرسٹل، آئس، ہیروئن، کوکین اور چرس ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد منشیات کے نئے قانون کے بعد اے این ایف کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوا ہے جب کہ پولیس اور رینجرز بھی ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول کی ٹیموں کے ساتھ اس مہم میں تعاون کیلیے تیار ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ انسداد منشیات کی ونگ کو مضبوط اور مثالی بنانا اب ہماری ذمہ داری ہے۔ کارروائیوں کو خود مانیٹر کر رہا ہوں، روزانہ آپریشن کی رپورٹ دی جائے۔
10