نوابشاہ: وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے نوابشاہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ میں اب صرف ایک ہی سیاسی جماعت متحرک ہے اور وہ پی ٹی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خاندان میں کوئی رکنِ اسمبلی نہیں رہا، میں کسی کے کندھے پر بیٹھ کر نہیں بلکہ اپنی ذاتی جدوجھد اور سیاست کی بنیاد پر آگے بڑھا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی واحد لیڈر ہیں جو ملک کو موجودہ معاشی دلدل اور بحران سے نکال سکتے ہیں، اور دنیا کی کوئی طاقت ہمیں حق اور سچ کی راہ سے نہیں ہٹا سکتی۔
تقریب سے خطاب کے دوران سہیل آفریدی نے موجودہ حکومتی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اقتدار سے ہٹانے کے بعد ملک کا مجموعی قرضہ 43 ہزار ارب روپے سے بڑھ کر 94 ہزار ارب روپے تک جاپہنچا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکمران نہ تو ملک کا مؤثر مقدمہ لڑ سکتے ہیں اور نہ ہی ان کے پاس معیشت کی بہتری کے لیے کوئی واضح پالیسی موجود ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے پر سیاست بند کرے اور عدالتی احکامات کی روشنی میں فوری طبی سہولیات فراہم کرے، کیونکہ وہ اصولوں کی جنگ لڑ رہے ہیں۔