پیٹرولیم مصنوعات کے نئے نرخ جاری: پیٹرول سستا، ڈیزل مزید مہنگا، اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کرتے ہوئے آئندہ 24 گھنٹوں کے لیے پیٹرول سستا اور ڈیزل مہنگا کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزارتِ خزانہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 13 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 345 روپے 87 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔
دوسری جانب، ڈیزل کے نرخوں میں اضافہ برقرار رکھا گیا ہے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے 74 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا ہے، جس سے اس کی نئی قیمت 378 روپے 5 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے اگلے 24 گھنٹوں کے لیے ہوگا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی حکومت نے پیٹرول میں 2 روپے 84 پیسے اور ڈیزل میں 2 روپے 28 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔ روزانہ نرخ تبدیل کرنے کے اس نئے طریقہ کار کے تحت عالمی مارکیٹ اور درآمدی لاگت کے مطابق قیمتوں کا فوری تعین کیا جا رہا ہے۔