پاکستان اور کرغزستان کے درمیان صحت، تعلیم اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں اہم معاہدے
بشکک : پاکستان اور کرغزستان کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے صحت، تعلیم، سائنس اور دوطرفہ تجارت سمیت متعدد شعبوں میں معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔ بشکک میں منعقدہ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران لاہور اور کرغز شہر اوش کو جڑواں شہر قرار دینے کا معاہدہ طے پایا، جبکہ دونوں ممالک کی وزارت خارجہ اور اسٹریٹجک اداروں کے درمیان تعاون کی دستاویزات کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ دونوں ریاستوں نے ٹرانزٹ تجارت کو بڑھانے، چیمبرز آف کامرس کے درمیان تجارتی تعلقات مضبوط کرنے اور ورچوئل اثاثوں کے شعبے میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کی وزارت تعلیم اور صحت کے شعبوں میں تعاون کے لیے یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، جن میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اور کرغز وزارت صحت کا اشتراک بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ سائنس و ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور اسمگلنگ و منشیات کی روک تھام کے لیے بھی باہمی تعاون کے معاہدے کیے گئے۔