اسلام آباد: سعودی عرب کی نئی ایئر لائن ریاض ایئر نے پاکستان میں باضابطہ طور پر فضائی آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے۔ ریاض ایئر کی پہلی پرواز ریاض سے اسلام آباد پہنچ گئی، جہاں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیارے کو واٹر سیلوٹ پیش کرکے خوش آمدید کہا گیا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق ریاض ایئر کی افتتاحی پرواز RX660 ریاض سے اسلام آباد پہنچی۔ پرواز میں 69 مسافر سوار تھے۔
ایئرپورٹ پہنچنے پر ریاض ایئر کی پہلی پرواز کے استقبال کے لیے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جہاں طیارے کو روایتی واٹر سیلوٹ پیش کیا گیا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق ریاض ایئر اب ریاض اور اسلام آباد کے درمیان ہفتہ وار 7 پروازیں چلائے گی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
افتتاحی پرواز کے بعد ریاض ایئر کی پرواز 272 مسافروں کو لے کر اسلام آباد سے ریاض کے لیے روانہ بھی ہوگئی۔
نئی ایئر لائن کے آپریشنز شروع ہونے سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان فضائی سفر کے لیے مسافروں کو ایک اور آپشن دستیاب ہوگیا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری، سیاحتی اور عوامی روابط میں بھی مزید سہولت پیدا ہونے کی توقع ہے۔
ریاض ایئر کے پاکستان میں فضائی آپریشنز کے آغاز کے موقع پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے شرکت کی، جبکہ ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ذیشان سعید بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ذیشان سعید نے ریاض ایئر کے پاکستان آنے کو خوش آئند قرار دیا۔
ذیشان سعید نے کہا کہ ریاض ایئر کی پاکستان آمد دونوں ممالک کے درمیان فضائی روابط میں مزید اضافے کا باعث بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریاض ایئر کی آمد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان فضائی تعاون کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نئی ایئر لائن کے آپریشنز سے مسافروں کو بہتر سفری سہولیات میسر آنے کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے میں بھی مدد ملے گی،ریاض ایئر کی جانب سے اسلام آباد کے لیے روزانہ پروازیں شروع کیے جانے سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان فضائی رابطہ مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے، جبکہ مستقبل میں دیگر پاکستانی شہروں کے لیے بھی فضائی آپریشنز کے امکانات اہمیت اختیار کر سکتے ہیں۔