خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں یکے بعد دیگرے دو دھماکوں کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 3 شدید زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق تھانہ احمد زئی کی حدود میں واقع علاقے برغنتو میں پہلا دھماکا مسافروں سے بھری ایک وین کے قریب ہوا، جس سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر یاسر آفریدی نے بتایا کہ امدادی کارروائی کے دوران جب زخمیوں کو منتقل کرنے کے لیے دوسری گاڑی موقع پر پہنچی تو دہشت گردوں نے دوسرا دھماکا کر دیا۔واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں۔ جاں بحق افراد کی لاشیں رورل ہیلتھ سینٹر جبکہ زخمیوں کو خلیفہ گل نواز اسپتال منتقل کر دیا گیا۔بم ڈسپوزل یونٹ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دونوں دھماکے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیے گئے، جن میں مجموعی طور پر تقریباً 50 کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنانا درندگی کی انتہا ہے۔