وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی پولش ورک ویزا پر یورپ جانے کی کوشش ناکام بنا دی اور صوابی کے رہائشی مسافر داؤد خان کو حراست میں لے لیا۔ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق امیگریشن کلیئرنس کے دوران مسافر کے پاسپورٹ کی جانچ پڑتال کی گئی تو اس پر لگا پولش ورک ویزا جعلی اور کاؤنٹر فٹ پایا گیا۔ الٹرا وائلٹ تصدیق اور دیگر سیکیورٹی فیچرز کی جانچ میں بھی ویزا مشکوک ثابت ہوا، جس پر مسافر کو فوری طور پر روک لیا گیا۔دورانِ تفتیش ملزم نے اعتراف کیا کہ پولینڈ کا ویزا دو بار مسترد ہونے کے بعد اس نے فیس بک کے ذریعے ایک ایجنٹ سے رابطہ کیا تھا۔ ایجنٹ نے بائننس کرپٹو کرنسی کے ذریعے اس سے 2 لاکھ 40 ہزار روپے وصول کیے۔ملزم کے مطابق ایجنٹ نے چائے کے کپوں میں چھپا کر جعلی ویزا اسٹیکر اور سفارت خانے کی جعلی مہر کورئیر کے ذریعے بھجوائی، جس کے بعد اس نے ایجنٹ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے خود پاسپورٹ پر ویزا چسپاں کیا اور جعلی مہر لگائی۔ایف آئی اے نے ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سیل کے حوالے کر دیا ہے، جبکہ ایجنٹ کی تلاش بھی شروع کر دی گئی ہے۔