اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بین الاقوامی سطح پر ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ استعمال کرنے والے پاکستانی صارفین کے لیے ایک بڑا ریلیف پیکج متعارف کراتے ہوئے بیرونِ ملک ٹرانزیکشنز پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 5 فیصد سے کم کرکے صرف 0.5 فیصد کرنے کا اعلان کیا ہے۔زیر خزانہ کے مطابق پاکستانی بینکوں کے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کے ذریعے بیرونِ ملک یا عالمی آن لائن پلیٹ فارمز پر کی جانے والی ادائیگیوں پر اب صرف 0.5 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس لاگو ہوگا، جس سے صارفین کو نمایاں مالی فائدہ حاصل ہوگا۔اس فیصلے کے بعد بیرونِ ملک سفر کرنے والے افراد ہوٹلنگ، خریداری اور دیگر اخراجات کے لیے کارڈز کے استعمال پر کم ٹیکس ادا کریں گے۔ اسی طرح بین الاقوامی سافٹ ویئرز، ڈیجیٹل ٹولز اور کلاؤڈ سروسز کی سبسکرپشنز خریدنے والے افراد اور کاروباری اداروں کو بھی خاطر خواہ ریلیف ملے گا۔حکومت کے اس اقدام سے عالمی ای کامرس ویب سائٹس سے خریداری کرنے والے صارفین کے لیے بین الاقوامی ادائیگیاں مزید سستی اور آسان ہو جائیں گی۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیکس کی شرح میں اس نمایاں کمی سے قانونی بینکنگ چینلز کے استعمال میں اضافہ ہوگا اور لوگ غیر قانونی حوالہ و ہنڈی کے بجائے باقاعدہ بینکاری نظام کو ترجیح دیں گے، جس سے دستاویزی معیشت کو فروغ ملے گا۔