تھرپارکر میں اونٹنی پر انسانیت سوز تشدد، دونوں آنکھیں ضائع ہوگئیں

اندرون سندھ کے ضلع تھرپارکر میں اونٹنی پر بہیمانہ تشدد کے ایک دلخراش واقعے نے عوام کو غم و غصے میں مبتلا کر دیا۔ تحصیل ڈاہلی میں ایک بااثر شخص نے مبینہ طور پر اونٹنی پر تشدد کرتے ہوئے اس کی دونوں آنکھیں نکال دیں، جس کے باعث وہ بینائی سے محروم ہوگئی۔اطلاعات کے مطابق واقعے کے بعد محکمہ لائیو اسٹاک کی ٹیم نے متاثرہ اونٹنی کا معائنہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک حزب اللہ بھٹو کے مطابق تشدد کے باعث اونٹنی کی دونوں آنکھیں مکمل طور پر ضائع ہو چکی ہیں اور فی الحال ان کی بحالی ممکن نظر نہیں آتی۔انہوں نے بتایا کہ یہ افسوسناک واقعہ تقریباً 15 روز قبل پیش آیا تھا، تاہم محکمہ کو گزشتہ روز اطلاع ملی جس کے بعد فوری طور پر ٹیم کو تھرپارکر روانہ کیا گیا۔ محکمہ کی جانب سے اونٹنی کے زخموں کے علاج اور بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ڈی جی لائیو اسٹاک کا کہنا تھا کہ مکمل طبی رپورٹ موصول ہونے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا اونٹنی کی بینائی بحال کرنے کے لیے مزید علاج ممکن ہے یا نہیں۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل بھی تحصیل ڈاہلی کے ایک گاؤں میں اونٹنی پر تشدد اور اس کی ایک آنکھ ضائع کرنے کا واقعہ سامنے آیا تھا۔ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کی تھی