راچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر جعلی این او سی پر کویت جانے کی کوشش کرنے والے سرکاری ملازم کو آف لوڈ کر دیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق مسافر کی شناخت سریش سوامی کے نام سے ہوئی، جو پاکستانی پاسپورٹ اور کویت کے وزٹ ویزے پر سفر کر رہا تھا۔ امیگریشن کاؤنٹر پر جانچ پڑتال کے دوران اس نے خود کو ملٹری اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان میں تعینات جونیئر آڈیٹر ظاہر کیا اور سفر کے لیے محکمانہ این او سی پیش کیا۔حکام کا کہنا ہے کہ تفصیلی جانچ کے دوران این او سی مشکوک پایا گیا، جس پر دستاویز کے جعلی ہونے کا شبہ پیدا ہوا۔ ابتدائی تفتیش میں مسافر نے اعتراف کیا کہ یہ این او سی اسے کراچی میں مقیم اپنے دوست رئیس گل کے ذریعے حاصل ہوا تھا۔سرکاری قواعد کے مطابق بیرونِ ملک سفر کے لیے سرکاری ملازمین کو محکمانہ اجازت نامہ درکار ہوتا ہے، تاہم مسافر مطلوبہ ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہا۔ ایف آئی اے نے مسافر کو آف لوڈ کرتے ہوئے مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے معاملہ اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا ہے۔