پاکستان اور لبنان کے درمیان دفاعی تعاون اور فوجی روابط مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

پاکستان اور لبنان نے دفاعی تعاون کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق لبنان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل روڈولف ہائکل نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر معزز مہمان کے اعزاز میں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں عسکری قیادتوں نے پاکستان اور لبنان کی افواج کے درمیان تربیتی تعاون، ادارہ جاتی روابط اور پیشہ ورانہ اشتراک کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنان کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آرمی دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔ جبکہ جنرل روڈولف ہائکل نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کے کردار کی تعریف کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق لبنانی آرمی چیف کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات میں اہم پیش رفت اور دفاعی شراکت داری کے فروغ کی عکاسی کرتا ہے۔