ایران نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا نے 2026 فیفا ورلڈ کپ میں ایرانی شائقین کے لیے مختص ٹکٹوں کی الاٹمنٹ واپس لے لی ہے، جس کے باعث ہزاروں فٹبال شائقین غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہو گئے ہیں۔فیفا ورلڈ کپ 2026 کا آغاز 11 جون سے امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں ہو رہا ہے، جبکہ ایران اپنے گروپ مرحلے کے میچز امریکا میں کھیلے گا۔ایرانی فٹبال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ امریکی حکام نے پہلے ایرانی وفد کے بعض ارکان کے ویزوں میں رکاوٹیں کھڑی کیں اور اب ایرانی شائقین کے لیے مختص ٹکٹوں کی فراہمی بھی روک دی گئی ہے۔ فیڈریشن نے اس اقدام کو امتیازی سلوک اور کھیلوں کی روح کے منافی قرار دیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ نے اس معاملے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیفا اور ورلڈ کپ منتظمین ایرانی شائقین کو ٹکٹ فراہم کرنے کے پابند ہیں اور انہیں میچز دیکھنے سے روکنا سیاسی بنیادوں پر امتیازی رویہ ہے۔ایرانی فٹبال فیڈریشن نے ٹکٹوں کی بحالی کے لیے فیفا سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے، جبکہ فیفا کی جانب سے تاحال اس معاملے پر باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔