روہڑی میں دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے ایک ہی خاندان کے 3 بچے ڈوب گئے، 2 لاشیں برآمد

روہڑی: وار مبارک درگاہ کے قریب دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے ایک ہی خاندان کے تین کمسن بچے گہرے پانی میں ڈوب گئے، جن میں سے دو کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ تیسرے بچے کی تلاش جاری ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ڈوبنے والے بچوں میں 10 سالہ آفتاب علی سولنگی، 5 سالہ علی حیدر اور 8 سالہ آیتہ سولنگی شامل ہیں۔ واقعے کے فوراً بعد مقامی غوطہ خوروں نے سرچ آپریشن شروع کیا اور 10 سالہ آفتاب علی سولنگی کی لاش دریا سے نکال لی گئی۔رات کے وقت اندھیرے کے باعث ریسکیو آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا تھا، تاہم آج صبح دوبارہ کارروائی شروع کی گئی۔ ریسکیو اہلکاروں اور مقامی افراد کی مشترکہ کوششوں سے 5 سالہ علی حیدر کی لاش بھی برآمد کر لی گئی، جبکہ 8 سالہ آیتہ سولنگی کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل ضلعی انتظامیہ نے شدید گرمی کے باعث نہروں اور دریائے سندھ میں نہانے پر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے پابندی عائد کی تھی، لیکن اس پر مکمل عملدرآمد نہ ہونے کے باعث یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔