اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئندہ ہفتے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا اعلان کر دیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 377 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور یہ بدستور 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔یاد رہے کہ 29 مئی 2026 کو وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 22 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور جیسے ہی مالی گنجائش پیدا ہوتی ہے، عوام تک اس کا فائدہ پہنچایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ، مال بردار گاڑیوں، موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والے افراد کو بھی ایندھن کی قیمتوں میں کمی کا براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔