اسلام آباد: 40 ہزار روپے مالیت کے پریمیم پرائز بانڈز کی قرعہ اندازی 10 جون کو مظفر آباد، آزاد کشمیر میں منعقد ہوگی۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد کی بڑی تعداد اپنے سرمائے کو پرائز بانڈز کی صورت میں محفوظ رکھتی ہے، جنہیں حکومت پاکستان اور نیشنل سیونگز اسکیم کے تحت جاری کیا جاتا ہے۔سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (CDNS) کی جانب سے متعارف کرائی گئی پریمیم پرائز بانڈز (رجسٹرڈ) اسکیم کے تحت 25 ہزار اور 40 ہزار روپے مالیت کے بانڈز دستیاب ہیں۔ یہ بانڈز عام پرائز بانڈز کے برعکس رجسٹرڈ ہوتے ہیں اور سرمایہ کار کے نام پر جاری کیے جاتے ہیں۔پریمیم پرائز بانڈ ہولڈرز کو قرعہ اندازی میں انعامات جیتنے کے علاوہ ہر چھ ماہ بعد حکومت کی مقررہ شرح کے مطابق منافع بھی دیا جاتا ہے۔اگر کسی سرمایہ کار کا بانڈ پہلی، دوسری یا تیسری انعامی پوزیشن حاصل کر لیتا ہے تو اسے انعامی رقم کے حصول کے لیے کسی قسم کا دعویٰ یا درخواست جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ جیتنے والی رقم خودکار طریقے سے اس بینک اکاؤنٹ میں منتقل کر دی جائے گی جو بانڈ خریدتے وقت رجسٹرڈ کروایا گیا تھا۔