کراچی کے علاقے شارع فیصل پر کراچی پولیس آفس (کے پی او) کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں 12 سالہ بچہ عثمان جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔فوٹیج کے مطابق ایک تیز رفتار ٹریکٹر گلی سے گزر رہا تھا کہ اسی دوران عثمان سائیکل چلاتے ہوئے فیصل اپارٹمنٹ سے باہر نکلا۔ سائیکل کا اگلا ٹائر ٹریکٹر کے پہیے سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں عثمان سڑک پر گر گیا۔سڑک پر گرتے ہی وہ ٹریکٹر کے پچھلے ٹائر کے نیچے آ گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق متوفی عثمان فیصل اپارٹمنٹ کا رہائشی تھا۔ حادثے کے بعد ٹریکٹر ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے اسے فوری طور پر گرفتار کر لیا۔اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ عثمان چوتھی جماعت کا طالب علم تھا اور چار بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے جبکہ پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔