کراچی: شہر قائد میں شدید گرمی اور حبس کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ جون کے دوران بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی اور فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا موسم آج بھی گرم اور مرطوب ہے۔ صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث گرمی کی شدت معمول سے زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، تاہم حبس کی وجہ سے محسوس ہونے والا درجہ حرارت اس سے کہیں زیادہ ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق مئی کے آخری ہفتے سے شروع ہونے والی شدید گرمی جون کے ابتدائی دنوں میں بھی برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ رواں ماہ شہر میں بارش کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی استعمال کریں اور گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی اقدامات اختیار کریں۔