ایران نے ٹرمپ کے دعوے کو مسترد کر دیا، امریکا سے کوئی جوہری وعدہ نہیں کیا گیا: ایرانی سیکیورٹی کونسل

Iran کی سیکیورٹی کونسل نے امریکی صدر Donald Trump کے اس دعوے کی تردید کر دی ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرنے پر رضامند ہو گیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق سیکیورٹی کونسل کے ترجمان Ebrahim Rezaei نے کہا کہ ایران نے اپنے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے امریکا سے کوئی وعدہ نہیں کیا اور نہ ہی افزودہ شدہ یورینیم یا یورینیم افزودگی سے متعلق کوئی معاہدہ یا بات چیت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران نے امریکا کو جنگ کے خاتمے کے لیے اپنی شرائط واضح طور پر بتا دی ہیں اور تہران ان طے شدہ شرائط سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گا۔ ان کے مطابق اب یہ دیکھنا ہے کہ امریکا سفارت کاری کے ذریعے کسی نتیجے پر پہنچتا ہے یا نہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ ایران اپنے قومی مفادات اور دفاعی حکمتِ عملی پر قائم ہے، جبکہ فوجی معاملات سے متعلق فیصلے متعلقہ ادارے ہی کریں گے۔ انہوں نے اس بات کا بھی اشارہ دیا کہ ایران مناسب وقت پر ضروری اقدامات کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔دوسری جانب امریکی نشریاتی ادارے CNN نے بھی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ مجوزہ معاہدے میں ایران کی جانب سے جوہری ہتھیاروں سے دستبرداری کی کوئی واضح شق شامل نہیں۔ اس رپورٹ پر صدر ٹرمپ نے ردعمل دیتے ہوئے سی این این کو ایک بار پھر غلط رپورٹنگ کا ذمہ دار قرار دیا۔