اسلام آباد (ویب ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز عوام کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 22 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم سے وعدہ کیا گیا تھا کہ جیسے ہی گنجائش پیدا ہوگی، عوام کو ریلیف دیا جائے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا گیا تھا، جبکہ وفاقی حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود عوامی سہولت کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ، مال بردار گاڑیوں، موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والوں کو بھی ایندھن پر ریلیف دیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 22 روپے کمی کے بعد 381 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی 22 روپے کم ہو کر 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔