کراچی (ویب ڈیسک): شہر قائد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز پڑوسیوں کے درمیان جھگڑا خونی تصادم میں تبدیل ہوگیا، جس کے نتیجے میں باپ اور بیٹا جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق بلدیہ ٹاؤن کے علاقے رشید آباد میں دونوں فریقین کے درمیان تلخ کلامی کے دوران فائرنگ ہوئی، جس سے دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
پولیس حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت سربلند خان اور ان کے بیٹے طلحہٰ کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا، جبکہ متعدد افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان رشتے داری کا پرانا تنازع چل رہا تھا، جبکہ گزشتہ سال بھی اسی تنازع پر ہونے والی فائرنگ میں ایک نوجوان انس قتل ہوگیا تھا، جس کے بعد مرکزی ملزم فرار ہوگیا تھا۔