صدر آصف علی زرداری: پاکستان کو ایسا بنائیں گے کہ آئندہ نسلوں کو کوئی تکلیف نہ ہو

اسلام آباد (ویب ڈیسک): صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنا کر ایسا ملک بنایا جائے گا جہاں آنے والی نسلوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کو ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی جدوجہد اور نظریے کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک کیے گئے تمام اقدامات 1973 کے آئین کے مطابق کیے گئے ہیں اور سب کو مل کر ملک اور اداروں کو مضبوط بنانا ہوگا۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ بے نظیر بھٹو، مرتضیٰ بھٹو اور شاہنواز بھٹو نے پاکستان کے لیے قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ “پاکستان کھپے” کا نعرہ اسی سوچ کے تحت لگایا گیا کیونکہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ زیادتیوں کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں جبکہ ان خبروں کو دبایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیت کا مؤثر مظاہرہ کیا اور بھارت کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

صدرِ مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان کو معاشی میدان میں مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، بلوچستان سمیت تمام صوبوں کے مسائل حل کیے جائیں گے اور عوام کی ترقی کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔