کراچی (ویب ڈیسک): کراچی پولیس نے ایک بڑی کارروائی کے دوران کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبا کو آن لائن منشیات سپلائی کرنے والے بین الاضلاعی گروہ کے 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ ان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی اعلیٰ معیار کی منشیات برآمد کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیروز آباد پولیس نے ہل پارک کے قریب خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی کے منظم نیٹ ورک کا سراغ لگایا۔ کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت شکیل، انیس، انصاف، سہیل، اسرار، اکبر اور عارف کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 16 کلوگرام سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی چرس اور دیگر منشیات برآمد ہوئی ہیں، جن کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ گروہ جدید آن لائن ذرائع استعمال کرتے ہوئے منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث تھا اور خاص طور پر کالجوں اور یونیورسٹیوں کے نوجوان طلبا و طالبات کو اپنا ہدف بناتا تھا۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار گروہ شہر بھر میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات فروخت کر چکا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ان کے پورے نیٹ ورک، سپلائرز اور دیگر سہولت کاروں تک پہنچا جا سکے۔
ایس ایس پی ایسٹ نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کے لیے ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور قانون شکن عناصر کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔