کراچی: فٹ پاتھ پر سوئے شخص کو قتل کرنے والا ملزم چند گھنٹوں میں گرفتار، جرم کا اعتراف

کراچی (ویب ڈیسک): عوامی کالونی تھانے کی پولیس نے کورنگی میں فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے شخص کے قتل میں ملوث ملزم کو چند گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش قتل کا اعتراف کرتے ہوئے واقعے کی تفصیلات بھی بیان کر دی ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق پیر کی صبح کورنگی سنگر چورنگی کے قریب فٹ پاتھ سے ایک تشدد زدہ لاش ملی تھی، جس کی شناخت رفیق کے نام سے ہوئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے تفتیش کا آغاز کیا اور علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مرکزی ملزم اسماعیل کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ سنگر چورنگی کے قریب سے گزر رہا تھا، جہاں اس نے رفیق کو فٹ پاتھ پر سویا ہوا دیکھا۔ ملزم کے بیان کے مطابق اس نے سوتے ہوئے شخص پر اینٹ سے حملہ کیا اور بار بار وار کرکے اسے قتل کر دیا۔

واقعے کے بعد پولیس نے مقتول کے بھائی ہاشم کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

مقتول کے بھائی ہاشم نے بتایا کہ رفیق ذہنی طور پر کمزور تھا اور گرمی کے باعث اکثر گھر سے باہر فٹ پاتھ پر سو جاتا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔